ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں فطرہ کی تقسیم آج؛ شاہین اسپورٹس سینٹر کی جانب سے چاول کے ساتھ دیگر اشیائ بھی تقسیم کرنے کا منصوبہ

بھٹکل میں فطرہ کی تقسیم آج؛ شاہین اسپورٹس سینٹر کی جانب سے چاول کے ساتھ دیگر اشیائ بھی تقسیم کرنے کا منصوبہ

Tue, 05 Jul 2016 15:20:06  SO Admin   S.O. News Service

بھٹکل 5 جولائی (ایس او نیوز) بھٹکل میں ہر سال عید کی رات نہایت منظم طریقہ پر مختلف علاقوں کےاسپورٹس سینٹروں کی جانب سے تعلقہ کے ہرعلاقہ کے غربائ و مساکین کو فطرہ چاول تقسیم کیا جاتا ہے، چونکہ رمضان کےتیس روزے آج مکمل ہورہے ہیں ، اس بنا پر آج رات کوبھٹکل میں فطرہ چاول تقسیم کیاجائے گا۔ اس بار کی خاص بات یہ ہے کہ بھٹکل کے مخدوم کالونی علاقہ میں شاہین اسپورٹس سینٹر کی جانب سے فی خاندان قریب سوکلو چاول کے ساتھ ساتھ گھر کی دیگر اشیائ بھی تقسیم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

شاہین اسپورٹس سینٹر کے ایک ذمہ داراورفطرہ کمیٹی مخدوم کالونی کے کنوینر سمیع اللہ نے بتایا کہ ہرسال مخدوم کالونی فطرہ کمیٹی کی طرف سے قریب ۱۲۵ سے ۱۵۰ خاندانوں کو فطرہ چاول تقسیم کیا جاتا تھا، مگراس بار علاقہ کو تقسیم کیا گیا ہے، اب دواسپورٹس سینٹروں کے ذریعے چاول تقسیم ہوگا۔ اب علاقہ تقسیم ہوجانے سےان کے حصے میں صرف پچاس خاندان ہیں، "ہم چاہتے ہیں کہ کم ازکم اپنے حدود میں آنے والے خاندانوں کو عید کے دن اچھا کھانا میسر ہوسکے اوراُن کے گھروں میں بھی عید کے دن ہمارے گھروں کی طرح اچھا کھانا پکا سکیں"۔ سمیع اللہ نے بتایا کہ ہمارے اسپورٹس سینٹرکے اراکین ہمیشہ محسوس کرتے تھے کہ صرف چاول تقسیم کرنے سے علاقہ کے غریب عوام کو صرف عام سا کھانا ہی میسر ہوگا لہٰذا چاول کے ساتھ دیگر اشیائ بھی تقسیم کی جانی چاہئے، مگر ہماراعلاقہ اتنا بڑا تھا کہ ہم  اپنے منصوبہ کو عملی جامہ نہیں پہنچا سکتے تھے، مگر اس بارہمارے اسپورٹس سینٹر کے حدود میں صرف 50 سے 60 خاندان ہونے سے اب یہ ممکن ہوگیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس بار ان کے اسپورٹس سینٹرکی طرف سے علاقہ کے عوام کو قریب سو کلو چاول کے ساتھ ساتھ ہر خاندان کو دوکلو باسمتی چاول، دو کلو پیاز، دو کلو شکر، دو پاکٹ سیویاں، ایک پاکٹ آئیل، ایک پاکٹ اصلی گھی، دو پاکٹ فالودہ۔  دو لیٹرلطفی سوفٹ ڈرنکس، ایک لیٹرشربت بوتل، اورایک پاکٹ گڈلائف دودھ دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ کچھ سالوں سے زیادہ تر گھروں میں فطرہ چاول ان کے اسپورٹس کلب کے نوجوان ہی پہنچاتے رہے ہیں، اس بار بھی ہم کوشش کریں گے کہ زیادہ سے زیادہ گھروں تک ہم خود ہی یہ سبھی اشیائ پہنچائیں۔ خیال رہے کہ شاہین اسپورٹس سینٹر کے حدود میں اب مخدوم کالونی، بندرروڈ اور بیلنی کے غریب خاندان شامل ہیں۔

بھٹکل کے دیگر علاقوں کی طرح موگلی ہونڈا علاقہ میں بھی غریب اور مسکین لوگوں کی تعداد کافی زیادہ ہے۔ یہاں فطرہ چاول آزاد اسپورٹس سینٹرکے زیراہتمام تقسیم کئے جاتے ہیں۔ اس اسپورٹس سینٹر کے ذمہ دار ابوبکر دامدا نے بتایا کہ اس بار ان کے علاقہ میں 95 خاندانوں کو چاول تقسیم کیا جائے گا۔ یہ پوچھے جانے پر کہ فی خاندان ان کے علاقہ میں کتنا کلو چاول تقسیم کیا جاتا ہے، انہوں نے بتایا کہ یہ خاندان کے سائز پر منحصر ہوتا ہے، خاندان اگر چھوٹا ہے تو75 کلو اور اگر خاندان زیادہ  بڑا ہے توڈیڑھ کینٹل تک چاول دیا جاتا ہے۔

خیال رہے کہ رمضان کے مہینے میں ہی ہر علاقہ کے اسپورٹس سینٹروں کے نوجوان اپنے اپنے علاقوں کا سروے کرکے رپورٹ تیار کرتے ہیں پھر رمضان کے آخری دن شام سے ہی فطرہ چاول وصول کرنے کی کاروائی شروع ہوتی ہے اور بعد نماز مغرب فطرہ چاول تقسیم کرنے کی کاروائی شروع کی جاتی ہے۔بھٹکل کی مرکزی فطرہ کمیٹی ان تمام اسپورٹس سینٹروں کی رہنمائی کرتی ہے جن علاقوں میں چاول زیادہ وصول ہوتا ہے  فطرہ کمیٹی اُن علاقوں سے چاول حاصل کرکے اُن علاقوں کو تقسیم کرتی ہے جہاں فطرہ لینے والوں کی تعداد زیادہ ہوتی ہے۔


Share: